با ل جبر یل - منظو ما ت

سنيما

وہی بت فروشی، وہی بت گری ہے
سینما ہے یا صنعتِ آزری ہے

معانی: سینما: فلمیں دکھانے کا مرکز ۔ بت فروشی: بت بیچنا ۔ بت گری: بت بنانا ۔ آزری: بت سازی کی صنعت ۔
مطلب: چار اشعار کی اس نظم میں اقبال سینما کی شدید مذمت کرتے نظر آتے ہیں ۔ یہ ایک سیدھی سادی سی نظم ہے جس میں وہ فرماتے ہیں حضرت ابراہیم کو تو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ پیغمبر بھی بنے اور خلیل اللہ کا لقب بھی پایا ۔ جب کہ ان کے چچا آذر اپنے عہد کے ممتاز بت تراش تھے اور اس حیثیت سے ان کا نام آج بھی تاریخ کی زینت ہے جس طرح آذر بت تراش کر ان کی تجارت کیا کرتے تھے آج کے عہد میں سینما بھی اسی نوعیت کی صنعت و تجارت ہے ۔ آذر بت تراش کر روپیہ کماتے تھے اب سینما میں فلمیں دکھا کر دولت کمائی جاتی ہے ۔ اس اعتبار سے ان دونوں کے مابین کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا ۔

وہ صنعت نہ تھی، شیوہَ کافری تھا
یہ صنعت نہیں ، شیوہَ ساحری ہے

معانی: صنعت: کاریگری ۔ شیوہ: طریقہ ۔ ساحری: جادو کا طریقہ ۔
مطلب: بت تراشی عملاً صنعت نہیں بلکہ کافری کا ایک طریق کار تھا ۔ جب کہ سینما بھی کوئی صنعت نہیں ہے بلکہ عملاً جادوگری ہے ۔

وہ مذہب تھا اقوامِ عہد کہن کا
یہ تہذیبِ حاضر کی سوداگری ہے

معانی: اگر آذر کو بت تراشی کو عہد قدیم کے لوگوں کا مذہبی عقیدہ تصور کر لیا جائے کہ وہ بتوں کی پرستش کرتے تھے تو سینما بھی اس سے کچھ کم نہیں کہ یہ دور حاضر کی تہذیب کی تجارت ہے ۔

وہ دنیا کی مٹی، یہ دوزخ کی مٹی
وہ بت خانہ خاکی، یہ خاکستری ہے

مطلب: آخری بات یہ کہ بت تراشی تو دنیا کی مٹی سے عبارت تھی جب کہ سینما کی حیثیت تود وزخ سے کم نہیں کہ وہاں بھی گمراہوں کو بھیجا جائے گا اور یہاں بھی گمراہ لوگ جاتے ہیں ۔

—————————-

Transliteration

Wohi Bot Faroshi, Wohi Bot Gari Hai
Cinema Hai Ya San’at-e-Azari Hai

Woh San’at Na Thi, Shewa-e-Kafiri Tha
Ye San’at Nahin, Shewa-e-Sahiri Hai

Woh Mazhab Tha Aqwam-e-Ehd-e-Kuhan Ka
Ye Tehzeeb-e-Hazir Ki Soudagari Hai

Woh Dunya Ki Mitti, Ye Dozkh Ki Mitti
Woh Bot Khana Khaki, Ye Khakastari Hai

————————–

Cinema—or new fetish‐fashioning,
Idol‐making and mongering still?

Art, men called that olden voodoo—
Art, they call this mumbo‐jumbo;

That—antiquityʹs poor religion:
This—modernityʹs pigeon‐plucking;

That—earthʹs soil: this—soil of Hades;
Dust, their temple; ashes, ours.

محمد نظام الدین عثمان

نظام الدین، ملتان کی مٹی سے جڑا ایک ایسا نام ہے جو ادب اور شعری ثقافت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات سمجھتا ہے۔ سالوں کی محنت اور دل کی گہرائیوں سے، انہوں نے علامہ اقبال کے کلام کو نہایت محبت اور سلیقے سے جمع کیا ہے۔ ان کی یہ کاوش صرف ایک مجموعہ نہیں بلکہ اقبال کی فکر اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک عظیم خدمت ہے۔ نظام الدین نے اقبال کے کلام کو موضوعاتی انداز میں مرتب کیا ہے تاکہ ہر قاری کو اس عظیم شاعر کے اشعار تک باآسانی رسائی ہو۔ یہ کام ان کے عزم، محبت، اور ادب سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے دیگر نامور شعرا کے کلام کو بھی یکجا کیا ہے، شاعری کے ہر دلدادہ کے لیے ایک ایسا وسیلہ مہیا کیا ہے جہاں سے وہ اپنے ذوق کی تسکین کر سکیں۔ یہ نہ صرف ایک علمی ورثے کی حفاظت ہے بلکہ نظام الدین کی ان تھک محنت اور ادب سے محبت کا وہ شاہکار ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button