اسلام اور مسلمانعلامہ اقبال شاعری

آدم

طلسمِ بود و عدم جس کا نام ہے آدم
خدا کا راز ہے، قادر نہیں ہے جس پہ سخن

معانی: طلسم : جادو ۔ بود و عدم: زندگی موت ۔ قادر : قابو پانے والا، قدر ت رکھنے والا ۔ سخن: بات، شاعری ۔
مطلب: آدم جس کا نام بود و عدم کا جادو ہے یعنی جو پہلے وجود میں آتا ہے اور پھر مر جاتا ہے اور اس کی جگہ اور آدمی پیدا ہو جاتے ہیں ۔ یہ راز ایسا ہے جس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ۔ یہ خدا کا بھید ہے جس کا بیان کرنے کی طاقت میرے کلام میں نہیں ہے ۔

زمانہ صبحِ ازل سے رہا ہے محوِ سفر
مگر یہ اس کی تگ و دَو سے ہو سکا نہ کہن

معانی: کہن: پرانا ۔
مطلب: زمانہ اپنے آغاز سے لے کر اب تک سفر میں لگا ہوا ہے ۔ آدمی بھی اس زمانے کے ساتھ سفر کر رہا ہے ۔ ایک مرتا ہے تو دوسرا پیدا ہو جاتا ہے ۔ پہلے روز کی طرح وہ نیا معلوم ہوتا ہے اور ہر نئی منزل پر نئے نئے افکار کے ساتھ جنم لیتا ہے ۔ آدمی باوجود صدیوں سے ہونے کے نیا ہی ہے ۔ زمانے کی بھاگ دوڑ اور سفر سے یہ پرانا نہیں ہو سکا ۔

اگر نہ ہو تجھے الجھن تو کھول کر کہہ دوں
وجودِ حضرت انساں ، نہ روح ہے نہ بدن

معانی: وجود: زندگی ۔ حضرت انساں : یعنی انسانی نسل ۔
مطلب: اے قاری! اگر تجھے کوئی الجھن نہ ہو تو تجھے صاف صاف بتا دوں کہ باوجود ان باتوں کے جو اوپر بیان ہوئی ہیں انسان کوئی اور ہی شے ہے نہ اس کے بدن کو انسان کہہ سکتے ہیں اور نہ اس کی روح کو اور نہ دونوں کے امتزاج کو ۔ اس کی حقیقت کو اہل راز اور صاحبِ نظر ہی جانتے ہیں ۔ وہ خلیفتہ الارض اور نائب خدا ہے علم الکلام کا حامل ہے اور مظہر صفات الہٰیہ ہے اگر وہ ایسا نہیں تو آدمی نہیں کچھ اور ہے ۔

محمد نظام الدین عثمان

نظام الدین، ملتان کی مٹی سے جڑا ایک ایسا نام ہے جو ادب اور شعری ثقافت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات سمجھتا ہے۔ سالوں کی محنت اور دل کی گہرائیوں سے، انہوں نے علامہ اقبال کے کلام کو نہایت محبت اور سلیقے سے جمع کیا ہے۔ ان کی یہ کاوش صرف ایک مجموعہ نہیں بلکہ اقبال کی فکر اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک عظیم خدمت ہے۔ نظام الدین نے اقبال کے کلام کو موضوعاتی انداز میں مرتب کیا ہے تاکہ ہر قاری کو اس عظیم شاعر کے اشعار تک باآسانی رسائی ہو۔ یہ کام ان کے عزم، محبت، اور ادب سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے دیگر نامور شعرا کے کلام کو بھی یکجا کیا ہے، شاعری کے ہر دلدادہ کے لیے ایک ایسا وسیلہ مہیا کیا ہے جہاں سے وہ اپنے ذوق کی تسکین کر سکیں۔ یہ نہ صرف ایک علمی ورثے کی حفاظت ہے بلکہ نظام الدین کی ان تھک محنت اور ادب سے محبت کا وہ شاہکار ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button