بال جبریل (حصہ دوم)

مکتبوں ميں کہيں رعنائی افکار بھی ہے؟

مکتبوں میں کہیں رعنائیِ افکار بھی ہے
خانقاہوں میں کہیں لذّتِ اسرار بھی ہے

معانی: رعنائیِ افکار: سوچ کی زینت و حسن ۔ لذتِ اسرار: راز رکھنے کا مزا ۔
مطلب: اس نظم کے بیشتر اشعار ایک سوالیہ نشان کے مانند نظر آتے ہیں ۔ ان میں اقبال اپنے عہد کی جو صورت حال سے اس کا ذکر بھی اشارتاً کرتے ہیں اور اس سے عہدہ برآ ہونے کا عندیہ بھی دیتے ہیں ۔ پہلے شعر میں کہتے ہیں کہ ان دنوں درسگاہوں میں نہ تو فکر و دانش کے آثار ملتے ہیں اور نہ ہی خانقاہوں میں وہ جوہر نظر آتا ہے جو روحانی تربیت کا باعث ہوا کرتا تھا ۔ مراد یہ ہے کہ یہ دور عملاً منفی اثرات کا حامل ہے اور کسی مرحلے پر بھی اصلاح کی گنجائش نظر نہیں آتی اور یہی اس دور کا المیہ ہے ۔

منزلِ رہرواں دُور بھی، دشوار بھی ہے
کوئی اس قافلہ میں قافلہ سالار بھی ہے

معانی: رہرواں : سفر کرنے والے ۔ قافلہ: ملتِ اسلامیہ ۔
مطلب: پہلے شعر کی طرح اس شعر میں بھی کیفیت یہ ہے کہ بے عملی کے سبب اہل قافلہ کی منزل دشوار بھی زیادہ ہو چلی ہے اور اس تک پہنچنے کے آثار بھی نظر نہیں آتے ۔ یعنی زندگی تو حرکت اور عملی جدوجہد سے عبارت ہے ۔ انہی کے ذریعے انسان ترقی کر سکتا ہے اور اپنی منزل مراد کو بھی پا لیتا ہے ۔ اس کے برعکس زندگی حرکت اور عملی جدوجہد سے خالی ہو تو ناکامی اس کا مقدر بن جاتی ہے

بڑھ کے خیبر سے ہے یہ معرکہَ دین و وطن
اس زمانے میں کوئی حیدرِکرّار بھی ہے

معا نی: حیدرِ کرار: حضرت علی المرتضی
مطلب: رسول اللہ ﷺ کے عہد میں جب مسلمانوں کے سامنے خیبر کے ناقابل تسخیر قلعے کا معرکہ درپیش ہوا تو اس کو فتح کرنے کے لیے اس وقت حضرت علی مرتضیٰ جیسے شاہ مرداں اپنی معروف تلوار ذوالفقار کے ساتھ موجود تھے جنھوں نے اپنے دست و بازو سے کام لے کر خیبر کا در اکھاڑ پھینکا اور قلعہ فتح کر لیا ۔ اقبال کہتے ہیں کہ آج بھی دین اور وطن کے مقابل خیبر سے کہیں بڑھ کر معرکہ موجود ہے ۔ اس مرحلے پر اقبال سوال کرتے ہیں کہ کیا کوئی آج کے دور میں حیدرِ کرار جیسا کردار و سیرت پیدا کرسکتا ہے تا کہ اس معرکہ کو سر کیا جا سکے ۔

علم کی حد سے پرے بندہَ مومن کے لیے
لذتِ شوق بھی ہے، نعمتِ دیدار بھی ہے

معانی: لذتِ شوق: شوق کا لطف ۔ نعمتِ دیدار: محبوب حقیقی کو دیکھنے کی نعمت ۔
مطلب: اس شعر میں کہا گیا ہے کہ علم بے شک اپنے مقام پر بڑی اہمیت کا حامل ہے لیکن مومن کے لیے علم ہی کافی نہیں بلکہ عشق حقیقی بھی درکار ہے ۔

پیرِ میخانہ یہ کہتا ہے کہ ایوانِ فرنگ
سُست بنیاد بھی ہے آئنہ دیوار بھی ہے

معانی: سست بنیاد: جلد گر جانے والی بنیاد ۔ آئینہ دیوار: شیشے کی دیوار والا ۔
مطلب: دانش مند لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ یورپی تہذیب ہر چند کہ اپنی حدود میں ترقی یافتہ ہے لیکن اس میں تصنع اور بناوٹ نے ہر نوع کی اخلاقیات سے محروم کر کے رکھ دیا ہے ۔ مراد یہ کہ مادی ترقی ہی معاشرے کی تعمیر کے لیے کافی نہیں اس کے لیے روحانی اقدار بھی درکار ہیں ۔

————————–

Translation

Maktabon Mein Kahin Raanayi-e-Afkaar Bhi Hai?
Khanqahon Mein Kahin Lazzat-e-Asrar Bhi Hai?

Manzil-e-Rahrawan Door Bhi, Dushwar Bhi Hai
Koi Iss Qafle Mein Qafla Salaar Bhi Hai?

Barh Ke Khayber Se Hai Ye Maarka-e-Deen-o-Watan
Iss Zamane Mein Koi Haidar-e-Karar Bhi Hai?

Ilm Ki Had Se Pare, Banda-e-Momin Ke Liye
Lazzat-e-Shauq Bhi Hai, Naimat-e-Didar Bhi Hai

Peer-e-Maikhana Ye Kehta Hai Ke Aiwan-e-Farang
Sust Bunyad Bhi Hai, Aaeena Diwar Bhi Hai !

————————————–

The schools bestow no grace of fancy fine,
Cloisters impart no glow of Love Divine.

The goal that Travellers seek is far and wide,
Alas! There is no chief to lead and guide.

No less than Khyber, the war of faith and land,
But warrior like Ali (R.A.) is not at hand.

Beyond the bounds of science for faithful thrall
Is bliss of love and sight of God withal.

The chief of tavern thinks that West has raised
The house on shaking founds, whose walls are glazed.

محمد نظام الدین عثمان

نظام الدین، ملتان کی مٹی سے جڑا ایک ایسا نام ہے جو ادب اور شعری ثقافت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات سمجھتا ہے۔ سالوں کی محنت اور دل کی گہرائیوں سے، انہوں نے علامہ اقبال کے کلام کو نہایت محبت اور سلیقے سے جمع کیا ہے۔ ان کی یہ کاوش صرف ایک مجموعہ نہیں بلکہ اقبال کی فکر اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک عظیم خدمت ہے۔ نظام الدین نے اقبال کے کلام کو موضوعاتی انداز میں مرتب کیا ہے تاکہ ہر قاری کو اس عظیم شاعر کے اشعار تک باآسانی رسائی ہو۔ یہ کام ان کے عزم، محبت، اور ادب سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے دیگر نامور شعرا کے کلام کو بھی یکجا کیا ہے، شاعری کے ہر دلدادہ کے لیے ایک ایسا وسیلہ مہیا کیا ہے جہاں سے وہ اپنے ذوق کی تسکین کر سکیں۔ یہ نہ صرف ایک علمی ورثے کی حفاظت ہے بلکہ نظام الدین کی ان تھک محنت اور ادب سے محبت کا وہ شاہکار ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button