با ل جبر یل - منظو ما ت

يورپ سے ايک خط

ہم خوگرِ محسوس ہیں ساحل کے خریدار
اک بحرِ پُر آشوب و پُر اَسرار ہے رومی

معانی: خوگر محسوس: سامنے نظر آنے والی شے کے عادی ۔ بحر: سمندر ۔ آشوب: مشقت انگیز ۔ پر اسرار: چھپے ہوئے ۔
مطلب: اس نظم میں پیر و مرید کے انداز میں مرید ہندی کے کردار میں خود اقبال ہیں جو بعض ایسے استفسارا تراشتے ہیں جن کے جوابات بڑے حکیمانہ انداز میں مولانا روم نے دیے ہیں ۔ نظم کے پانچ اشعار میں تین اشعار تو خود علامہ اقبال کے ہیں جن کا متن یورپ سے علامہ کے نام ایک خط سے ماخوذ ہے ان اشعار میں مولانا روم کی حکمت و دانش کے حوالے سے بعض سوالات اٹھائے ہیں جن کا جواب آخری دو اشعار میں موجود ہے اور یہ دونوں اشعار مولانا روم کے ہیں ۔ مکتوب نگار علامہ اقبال سے اپنے خط میں استفسار کرتا ہے کہ ہم لوگ تو خیر اس امر کے عادی ہو چکے ہیں ک ایک تماشائی کی حیثیت سے ساحل پر کھڑے ہو کر سمندر کا نظارہ کریں مراد یہ ہے کہ ہماری نظریں محض مادی اشیاء کے نظارے تک محدود رہیں جب کہ مولانا روم تو معرفت اور روحانیت کا ایک ایسا سمندر ہیں جس کی گہرائی اور وسعت کا اندازہ مشکل ہے ۔

تو بھی ہے اسی قافلہَ شوق میں اقبال
جس قافلہَ شوق کا سالار ہے رومی

معانی: سالار: رہنما ۔
مطلب: آپ کا تعلق بھی تو اسی سلسلہ شوق سے ہے جس سلسلہ شوق کے سرکردہ رہنما مولانا روم ہیں یعنی آپ بھی ان کی طرح معرفت اور روحانیت پر یقین رکھتے ہیں ۔ اس صورت میں آپ با آسانی اس امر کی وضاحت کر سکتے ہیں کہ مولانا روم کا نظریہ کیا ہے ۔

اس عصر کو بھی اس نے دیا ہے کوئی پیغام
کہتے ہیں چراغِ رہِ اَحرار ہے رومی

معانی: عصر: عہد حاضر ۔ چراغِ رہ احرار: غازیوں کی راہ کا دیا ۔
مطلب: ازرہ کرم یہ تو فرمائیے کہ مولانا روم کو تو خدا دوست اور آزاد منش لوگوں کا رہنما تصور کیا جاتا ہے تو کیا انھوں نے اس ضمن میں عصرِ موجود کو بھی کوئی پیغام دیا ہے یا نہیں

جواب

کہ نباید خورد و جو، ہمچوں خراں
آہوانہ در ختن چر ارغواں

مطلب: اس شعر میں مولانا روم کا فرمان ہے کہ گھاس اور جو تو گدھوں کی خوراک ہے اور ختن کی پہاڑیوں کے باسی ہرن جو مشک نافہ پیدا کرتے ہیں نارنجی رنگ کا خوبصورت ، میٹھا اور نشہ آور پھل ارغوان کھاتے ہیں ۔ اسی کے سبب مشک کی پیداوار کے لیے ان کے خون میں مطلوبہ جوہر پیدا ہوتا ہے ۔ مراد یہ ہے کہ مادیت بے شک تن پروری کے کام تو آ سکتی ہے جب کہ روحانیت کی طفیل انسان کی قدر و قیمت میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ پوری فضا کو متاثر کر دیتا ہے ۔

ہر کہ کاہ و جو خورد قرباں شود
ہر کہ نورِ حق خورد قرآں شود

مطلب: مولانا اس شعر میں فرماتے ہیں کہ گھاس اور جو کھانے والا بھیڑ بکری اور گائے بیل کی طرح ذبح کر دیا جاتا ہے تاکہ دوسروں کی تن پروری کا سبب بن سکے ۔ اس کے برعکس جو شخص نور خداوندی پر اکتفا کرتا ہے اس کا سینہ روحانیت سے منور ہو جاتا ہے وہ قرآن کی مانند دوسروں کے لیے رہنمائی کا سبب بن جاتا ہے ۔ مراد یہ ہے کہ انسان میں صلاحیت ہو اور رہنمائی کا جوہر موجود ہو تو اس کے طفیل پورا ماحول منور ہو کر رہ جاتا ہے ۔


———————–

Transliteration

Yourap Se Aik Khat

Hum Khugar-e-Mehsoos Hain Sahil Ke Khareedar
Ek Behar-e-Pur-Ashob-o-Pur-Israr Hai Rumi

Tu Bhi Hai Uss Qafla-e-Shuaq Mein Iqbal
Jis Qafla-e-Shuaq Ka Salaar Hai Rumi

Iss Asar Ko Bhi Uss Ne Diya Hai Koi Pegham
Kehte Hain Charagh-e-Reh-e-Ahraar Hai Rumi

————————–

A Letter From Europe

We venture not beyond the shores—Being to the senses confined.
But Rumi is an ocean, stormy, mysterious.

Iqbal! Thou, too, art moving in that band of men—
That band of men of passion, of which Rumi is the guide.

Rumi, they say, is the guiding light for freedom;
Has he, indeed, a message, for the age we live in?

—————–

جواب

کہ نبايد خورد و جو ہمچوں خراں
آہوانہ در ختن چر ارغواں
ہر کہ کاہ و جو خورد قرباں شود
ہر کہ نور حق خورد قرآں شود

——————

Transliteration

Jawab

Ke Nabayad Kharad-o-Johum Choon Khazan
Aahuwana Dar Khatan Char Arghawan

Har Ke Kah-o-Jo Kharad Qurban Shawad
Harke Noor-e-Haq Khaward Quran Shawad

————————–

Reply

“Eat not hay and corn like donkeys;
Eat of thy choice like the musk‐deer;

He dies who eats hay and corn,
He who eats God’s light, becomes the Quran.”

محمد نظام الدین عثمان

نظام الدین، ملتان کی مٹی سے جڑا ایک ایسا نام ہے جو ادب اور شعری ثقافت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات سمجھتا ہے۔ سالوں کی محنت اور دل کی گہرائیوں سے، انہوں نے علامہ اقبال کے کلام کو نہایت محبت اور سلیقے سے جمع کیا ہے۔ ان کی یہ کاوش صرف ایک مجموعہ نہیں بلکہ اقبال کی فکر اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک عظیم خدمت ہے۔ نظام الدین نے اقبال کے کلام کو موضوعاتی انداز میں مرتب کیا ہے تاکہ ہر قاری کو اس عظیم شاعر کے اشعار تک باآسانی رسائی ہو۔ یہ کام ان کے عزم، محبت، اور ادب سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے دیگر نامور شعرا کے کلام کو بھی یکجا کیا ہے، شاعری کے ہر دلدادہ کے لیے ایک ایسا وسیلہ مہیا کیا ہے جہاں سے وہ اپنے ذوق کی تسکین کر سکیں۔ یہ نہ صرف ایک علمی ورثے کی حفاظت ہے بلکہ نظام الدین کی ان تھک محنت اور ادب سے محبت کا وہ شاہکار ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button