ابتداعلامہ اقبال شاعری

بڈھے بلوچ کي نصيحت بيٹے کو

(Armaghan-e-Hijaz-02)

Budhe Baloch Ki Nasihat Baite Ko

(The Advice Of An Old Baluch To His Son)

 

ہو تیرے بیاباں کی ہوا تجھ کو گوارا
اس دشت سے بہتر ہے نہ دلّی ، نہ بخارا

تعارف: بلوچ ایک قبیلہ ہے جو برصغیر کے شمال کے علاقہ بلوچستان میں آباد ہے ۔ بلوچ اس قبیلے کا ایک فرد) معانی: گوارا: پسندیدہ ۔ بیاباں : دشت ۔ دلی: برصغیر کا ایک شہر ۔ بخارا: وسطی ایشیا کا ایک شہر ۔
مطلب: بڈھا بلوچ اپنے بیٹے کو کہتا ہے کہ دلی اور بخارا بڑے پر رونق شہر ہیں اور وہاں زندگی کی ہر قسم کی سہولتیں اور عشرت موجود ہے لیکن جو بات تیرے علاقہ بلوچستان میں ہے وہ ان شہروں میں کہاں ہے ۔ یہ علاقہ اگرچہ بیابان ہے ۔ یہاں آبادی کم اور خشک علاقے اور پہاڑ زیادہ ہیں لیکن جو آزادی اور خوش گواری یہاں ہے وہ شہروں میں کہاں ۔ خدا کرے کہ اس علاقہ کی آب و ہوا تجھ کو پسند رہے (بڈھا بلوچ حقیقی نہیں ایک خیالی کردار ہے ۔ ) ۔

جس سمت میں چاہے صفتِ سیلِ رواں چل
وادی یہ ہماری ہے، وہ صحرا بھی ہمارا

معانی: صفت: مثل، مانند ۔ سیل رواں : بہتا ہوا سیلاب ۔ سمت: طرف ۔ وادی: دو پہاڑوں کے درمیان کی جگہ ۔ صحرا: جہاں سبزہ زار نہ ہو، ریت ہو ۔
مطلب: بلوچستان کا علاقہ وسیع ہے ۔ شہروں کی طرح محدود نہیں ۔ یہاں پہاڑوں کے درمیان وادیاں بھی ہیں ریگستان بھی ہے تو جس طرف کو چاہے بہتے ہوئے سیلاب کی طرح نکل جا ۔ تجھے کوئی روکنے والا نہیں ۔

غیرت ہے بڑی چیز جہانِ تگ و دو میں
پہناتی ہے درویش کو تاجِ سرِ دارا

معانی: غیرت: اپنی عزت یا عزت نفس برقرار رکھنے کا جذبہ ۔ جہان تگ و دو: یہ دنیا جہاں زندگی گزارنے کے لیے بڑی دوڑ دھوپ کرنی پڑتی ہے ۔ درویش: خدا سے لو لگائے ہوئے دنیاوی سازوسامان سے بے گانہ شخص ۔ تاج سردارا: دارا کے سر کا تاج، دارا ایران کا ایک بادشاہ گزرا ہے ۔
مطلب: انسان کے لیے اصل سرمایہ دنیا کا سازوسامان اور آرائش و آسائش نہیں بلکہ اپنی عزت اور عزت نفس کو برقرار رکھنا ہے ۔ یہ وہ جذبہ ہے جو خدا مست اور دنیا سے بے نیاز شخص کو دارا کا تاج پہناتی ہے ۔ وہ بوریا نشیں ہو کر بھی تخت نشیں ہوتا ہے اس لیے تو اسے علاقے میں دلی اور بخارا جیسی رونق نہ ہونے کو دیکھ بلکہ یہ دیکھ کہ جو عزت نفس تو یہاں ملحوظ خاطر رکھ سکتا ہے وہ ان شہروں میں نہیں ہے ۔

حاصل کسی کامل سے یہ پوشیدہ ہنر کر
کہتے ہیں کہ شیشہ کو بنا سکتے ہیں خارا

معانی: کامل: اللہ وہ بندہ جو درویشی میں کمال رکھتا ہے، مراد فقیر یا ولی یا درویش ۔ پوشیدہ: ہنر: چھپا ہوا ۔ خارا: پتھر ۔
مطلب: یہ چھپا ہوا فن یا باطنی علم کہ جس کی بدولت دارا کا تخت و تاج ایک درویش کے پاؤں کے نیچے ہوتا ہے اور بادشاہ اس کے در کے غلام بن جاتے ہیں کسی مرد کامل ، کسی ولی کو ڈھونڈ کر اس سے حاصل کر کیونکہ میں نے دیکھا ہے کہ اس میں شیشے کو پتھر بنانے کی صلاحیت ہوتی ہے ۔ مراد ہے دنیاوی سازوسامان اور شان وشکوہ نہ رکھنے والے کو ایسی بے نیازانہ شان عطا کرتا ہے کہ دنیاوی جاہ و جلال والے بھی اس کی چوکھٹ پر سر جھکاتے ہیں ۔

افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا

معانی: افراد: فرد کی جمع، اشخاص ۔ اقوام: قوم کی جمع ۔ تقدیر: قسمت ۔ ملت: قوم یہاں مراد ہے ۔ مقدر: نصیب، قسمت ۔
مطلب: یہاں بڈھا بلوچ فرد اور جماعت کے تعلق کو بیان کرتا ہے اور کہتا ہے کہ قوموں کی قسمت کا اچھا یا برا ہونا ان کے اشخاص پر منحصر ہے ۔ اگر فرد اچھے ہوں گے تو قوم بھی اچھی ہو گی اگر افراد برے ہوں گے تو قوم بھی بری ہو گی ۔ میں مسلمان قو م کے ایک ایک شخص کو اس قوم کے نصیب کا نشان سمجھتا ہوں ۔ اگر یہ ستارے بابرکت ہوں گے مراد ہے مسلمان فردا فردا اچھے ہوں گے تو مسلمان قوم بھی اچھی ہو گی ۔

محروم رہا دولتِ دریا سے وہ غواص
کرتا نہیں جو صحبتِ ساحل سے کنارا

معانی: محروم: بے نصیب ۔ دولت دریا: دریا کی دولت، موتی وغیرہ ۔ غواص: غوطہ لگانے والا ۔ کناراکرنا: ساحل کو چھوڑنا ۔
مطلب: دریا میں موتی حاصل کرنے کے لیے غوطہ لگانے والا جو غوطہ خور ساحل پر ہی بیٹھا رہتا ہے اور دریا میں غوطہ نہیں لگاتا وہ موتیوں کی دولت سے بے نصیب رہتا ہے ۔ مراد یہ ہے کہ دنیا میں قوموں کی خوش حالی کا دارومدار ان کے افراد کی عملی میدان میں دوڑ دھوپ پر ہے ۔ جس قوم کے افراد محنت کش ، باعمل اور باغیرت ہوتے ہیں وہ قوم ترقی پر فائز ہو جاتی ہے اور اگر اس کے برعکس ہو تو ان کی بے عملی اور بے غیرتی قوم کو لے ڈوبتی ہے ۔

دیں ہاتھ سے دے کر اگر آزاد ہو ملت
ہے ایسی تجارت میں مسلماں کا خسارا

معانی: دیں : مذہب اسلام ۔ ملت: مسلمان قوم ۔ تجارت: کاروبار ۔ خسارہ: گھاٹا ۔
مطلب: اگر اپنے مذہب کو چھوڑ کر مسلمان دوسروں کی غلامی سے آزاد ہوتے ہیں تو اس کاروبار میں مسلمان کا گھاٹا ہے ۔ کیونکہ اس کا اصل سرمایہ اس کا مذہب ہے ۔ آج کل سیاست سے دین کو الگ رکھنے کا مسلمانوں میں ابلیسی نظام نے جو رجحان پیدا کر رکھا ہے اس شعر میں اس کی طرف اشارہ ہے ۔

دنیا کو ہے پھر معرکہَ روح و بدن پیش
تہذیب نے پھر اپنے درندوں کو ابھارا

معانی: معرکہ روح و بدن: روح اور جسم یا من اور تن میں جنگ ۔ تہذیب: جدید تہذیب، مغرب کی تہذیب ۔ درندہ: جنگل کا خونخوار جانور ۔
مطلب: مغربی تہذیب و ثقافت، علوم و فنون اور سیاسی و معاشرتی نظاموں نے انسانوں کو جنگل کے خونخوار جانور بنا کر رکھ دیا ہے ۔ ہر کوئی بدن کی آسائش کے درپے ہے اور روح اور اس کے تقاضوں کو بھول چکا ہے ۔ ایسا جسم جو روحانی قدروں کے بغیر ہو انسان نما حیوان کا ہی ہو سکتا ہے ۔ آج پھر روح اور جسم میں جنگ چھڑی ہوئی ہے ۔ اس کا علاج صرف اسلام کے پاس ہے ۔ اگر پہلے مسلمان قوم خود اور پھر ان کی پیروی میں اقوام دین اسلام کے بدن و روح دونوں کی پرورش کرنے والے نظام کو اپنا لیں تو افراد بھی صفاتی اعتبار سے انسان رہ سکتے ہیں اور اقوام بھی درندوں کی بجائے انسانوں پر مشتمل ہو سکتی ہے ۔

اللہ کو پامردیِ مومن پہ بھروسا
ابلیس کو یورپ کی مشینوں کا سہارا

معانی: پامردی: استقلال ۔ بھروسا: اعتبار ۔ ابلیس: شیطان ۔ یورپ کی مشینوں کا سہارا: یورپ کی صنعتی ترقی کا اور ہر میدان میں مشینوں کے استعمال پر بھروسا ۔
مطلب: رو ح اور بدن کے اس معرکہ میں جس کا اوپر کے شعر میں ذکر ہوا ہے دو فریق آمنے سامنے ہیں ۔ ایک فریق اللہ ہے اور دوسرا شیطان ۔ اللہ کو اہل ایمان کے استقلال پر بھروسا ہے کہ اگر انھوں نے دین کے میدان میں مضبوطی سے اپنے پاؤں جما رکھے تو فتح روح کی ہو گی انسان کی ہو گی ۔ اس کی مقابلے میں اگر یورپ کی صنعتی ترقی والی اقوام چھائی رہیں تو پھر شیطان کی فتح ہو گی ۔ بدن فربہ ہو جائے گا روح مٹ جائے گی ۔ انسان نما درندے پیدا ہوتے رہیں گے انسان ختم ہو جائیں گے ۔

تقدیرِ امم کیا ہے کوئی کہہ نہیں سکتا
مومن کی فراست ہو تو کافی ہے اشارا

معانی: امم: امت کی جمع، قو میں ۔ فراست: دانائی، بصیرت ۔ تقدیر: قسمت، نصیب ۔
مطلب: قوموں کی تقدیر، نصیب یا قسمت میں کیا ہے کوئی نہیں کہہ سکتا ۔ لیکن اتنی بات ضرور ہے کہ اگر کوئی مرد مومن ہو کوئی اللہ کا کامل مرد ہو تو اس کی بصیرت میں یہ صفت پوشیدہ ہے کہ وہ اپنے ایک اشارے سے قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے ۔ کوئی وقت تھا کہ مسلمان قوم میں ایسے بے شمار مرد کامل ہوتے تھے اب مسلمان اس مرد درویش یا مرد فقیر یا مرد مومن کو ترس گئے ہیں ۔

اخلاصِ عمل مانگ نیاگانِ کہن سے
شاہان چہ عجب گر بنوازند گدا را

معانی: اخلاص عمل:عمل میں خلوص ۔ نیاگان کہن: قدیم زمانے کے بزرگ ۔ شاہاں : شاہ کی جمع، بادشاہ ۔ چہ عجب: کیا عجب ہے ۔ بنوازند: نواز دیں ۔ گدارا: غریب کو، بھکاری کو ۔
مطلب: اے عہد حاضر کے مسلمان اے میرے بیٹے عمل میں اخلاص پیدا کر ۔ اور یہ اخلاص عمل اپنے پرانے اور گزرے ہوئے بزرگوں سے مانگ ۔ کیونکہ ان کا ہر عمل اللہ کے لیے ہوتا ہے ۔ ذاتی اغراض کے لیے نہیں ۔ اگر تیرے پاس بھی یہ اخلاص عمل آ گیا تو پہلے کی طرح تو دنیا میں پھر سرفراز ہو سکتا ہے ۔ کیا عجب ہے کہ بادشاہ بھکاری کو نواز دیں اور اسے ہر احتیاج سے سرخرو کر دیں مراد ہے کہ اے مسلمان اگر تو پھر سے اپنے اعلیٰ ماضی کے بزرگوں کی روایات کو اپنا لے تو سرفرازی پھر تیری قسمت بن سکتی ہے ۔

————-
 Transcription in Roman Urdu

Budhe Baloch Ki Nasihat Baite Ko

Ho Tere Bayaban Ki Hawa Tujh Ko Gawara

Iss Dasht Se Behter Hai Na Dilli Na Bukhara

Jis Simat Mein Chahe Sifat-e-Seel-e-Rawan Chal

Wadi Ye Humari Hai, Woh Sehra Bhi Humara

Ghairat Hai Bari Cheez Jahan-e-Tagg-o-Dou Mein

Pehnati Hai Darvesh Ko Taj-e-Sar-E-Dara

Hasil Kisi Kamil Se Ye Poshida Hunar Kar

Kehte Hain Ke Sheeshe Ko Bana Sakte Hain Khara

Afrad Ke Hathon Mein Hai Aqwam Ki Taqdeer

Har Fard Hai Millat Ke Muqaddar Ka Sitara

Mehroom Raha Doulat-e-Darya Se Woh Ghawwas

Karta Nahin Jo Souhbat-e-Sahil Se Kinara

Deen Hath Se De Kar Agar Azad Ho Millat

Hai Aesi Tajarat Mein Musalman Ka Khasara

Dunya Ko Hai Phir Ma’arka-e-Rooh-o-Badan Paish

Tehzeeb Ne Phir Apne Darindon Ko Ubhara

Allah Ko Pa-Mardi-e-Momin Pe Bharosa

Iblees Ko Yourap Ki Machinon Ka Sahara

Taqdeer-e-Umam Kya Hai, Koi Keh Nahin Sakta

Momin Ki Firasat Ho To Kafi Hai Ishara

Ikhlas-e-Amal Mang Nayagan-e-Kuhan Se

‘Shahan Che Ajab Gar Banawazand Gada Ra !’

Translation in English

THE ADVICE OF AN OLD BALUCH TO HIS SON

Winds of these wasteland be your love!

Bokhara, Delhi, are worth no more.

Like running water Go where you will:

these desert plains are ours, and Ours are these valleys.

Honour, that high thing in a world of troubling (struggle),

Sets on the Saint’s head Darius’ crown

Learn from some master, this strange craft

They tell that how glass is forged flint‐hard

Fortunes of States through individual prowess ripen

Each man one star of their ascendant (Destiny)

Ocean withholds her treasure when the diver

Groping for pearl shells Clings by land’s margin.

To the Muslim freedom gained at the price of casting off religion

Makes an ill bargain!

In our world, where once more Civilization Loses its wild beasts,

in one more encounter Spirit and flesh meet;

On the true‐believer’s Manhood God’s trust lies –

The machines of Europe Satan’s alliance.

Who knows the nation’s fates?

But signs abound, If Muslims are wakeful

From your buried fathers ask pride of action;

Do not fear—a king may smile on a beggar.

محمد نظام الدین عثمان

نظام الدین، ملتان کی مٹی سے جڑا ایک ایسا نام ہے جو ادب اور شعری ثقافت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات سمجھتا ہے۔ سالوں کی محنت اور دل کی گہرائیوں سے، انہوں نے علامہ اقبال کے کلام کو نہایت محبت اور سلیقے سے جمع کیا ہے۔ ان کی یہ کاوش صرف ایک مجموعہ نہیں بلکہ اقبال کی فکر اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک عظیم خدمت ہے۔ نظام الدین نے اقبال کے کلام کو موضوعاتی انداز میں مرتب کیا ہے تاکہ ہر قاری کو اس عظیم شاعر کے اشعار تک باآسانی رسائی ہو۔ یہ کام ان کے عزم، محبت، اور ادب سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے دیگر نامور شعرا کے کلام کو بھی یکجا کیا ہے، شاعری کے ہر دلدادہ کے لیے ایک ایسا وسیلہ مہیا کیا ہے جہاں سے وہ اپنے ذوق کی تسکین کر سکیں۔ یہ نہ صرف ایک علمی ورثے کی حفاظت ہے بلکہ نظام الدین کی ان تھک محنت اور ادب سے محبت کا وہ شاہکار ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button