اسلام اور مسلمانعلامہ اقبال شاعری

لاوالا

فضائے نور میں کرتا نہ شاخ و برگ و بر پیدا
سفر خاکی شبستان سے نہ کر سکتا اگر دانہ

معانی: لا : نہیں ۔ الّا: لیکن ہے ۔ بر گ و بر: پتے اور پھل ۔ خاکی شبستان: زمین کی آغوش ۔ خاکی شبستان: زمین کی آغوش ۔
مطلب: وہ دانہ جو تاریک مٹی کے گھر میں رکھا جاتا ہے کبھی نمو کر کے روشنی میں نہ آتا اور شاخوں ، پتوں اور پھلوں کی شکل میں نمودار نہ ہوتا ۔ اگر اس میں نمو کرنے کی خواہش پیدا نہ ہوتی اور وہ تاریک گھر سے روشنی میں آنے کی آرزو نہ کرتا ۔

نہادِ زندگی میں ابتدا لا انتہا الّا
پیامِ موت ہے جب لا ہوا الّا سے بیگانہ

معانی: نہاد: بنیاد ۔ پیامِ موت: یعنی موت واقع ہونا ۔ الا : لیکن ۔ بیگانہ: بے خبر ۔
مطلب: مومن کی پاکیزہ زندگی کا آغاز پہلے اندر اور باہر کے شیطانوں کو لا الہ کہنے سے ہے پھر الا اللہ پر ایمان کی انتہا ہو گی ۔ ان دونوں کو جدا کرنا اپنے ایمان کی موت کا سامان پیدا کرنا ہے ۔

وہ ملت، روح جس کی لا سے آگے بڑھ نہیں سکتی
یقیں جانو، ہُوا لب ریز اس ملت کا پیمانہ

معانی : لب ریز: بھر گیا یعنی موت ۔ پیمانہ: پیالہ ۔
مطلب: وہ ملت جس کے معاشرے نے لا تو کہہ دیا مگر شیطان کو کہنے کے بجائے اللہ کا انکار کر دیا ۔ چونکہ لا الہ کی مزاحمت و مقامت شیطان کے خلاف نہیں رہے گی اس لیے سارا معاشرہ شیطانی معاشرہ بن جائے گا ایسے میں یقین جانیں اس ملت کی بربادی قریب ہے ۔

محمد نظام الدین عثمان

نظام الدین، ملتان کی مٹی سے جڑا ایک ایسا نام ہے جو ادب اور شعری ثقافت کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات سمجھتا ہے۔ سالوں کی محنت اور دل کی گہرائیوں سے، انہوں نے علامہ اقبال کے کلام کو نہایت محبت اور سلیقے سے جمع کیا ہے۔ ان کی یہ کاوش صرف ایک مجموعہ نہیں بلکہ اقبال کی فکر اور پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک عظیم خدمت ہے۔ نظام الدین نے اقبال کے کلام کو موضوعاتی انداز میں مرتب کیا ہے تاکہ ہر قاری کو اس عظیم شاعر کے اشعار تک باآسانی رسائی ہو۔ یہ کام ان کے عزم، محبت، اور ادب سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے دیگر نامور شعرا کے کلام کو بھی یکجا کیا ہے، شاعری کے ہر دلدادہ کے لیے ایک ایسا وسیلہ مہیا کیا ہے جہاں سے وہ اپنے ذوق کی تسکین کر سکیں۔ یہ نہ صرف ایک علمی ورثے کی حفاظت ہے بلکہ نظام الدین کی ان تھک محنت اور ادب سے محبت کا وہ شاہکار ہے جو ہمیشہ زندہ رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button