مردان خدا
وہی ہے بندہ حُر جس کی ضرب ہے کاری
نہ وہ کہ حرب ہے جس کی تمام عیّاری
معانی: بندہ حُر: آزاد مرد، مجاہد ۔ کاری: مہلک ۔ حرب: لڑائی ۔ عیاری: چالاکی ۔
مطلب: آزاد بندہ اور حریت پسند بندہ وہ ہے جس کی چوٹ یا جس کا وار سخت ہوتا ہے اور سیدھا ہوتا ہے نہ کہ وہ شخص جو مقابلے اور جنگ میں ہیراپھیری چالبازی اور فریب سے کام لیتا ہے ۔
ازل سے فطرتِ احرار میں ہیں دوش بدوش
قلندری و قبا پوشی و کُلہ داری
معانی : فطرتِ احرار: آزاد بندوں کے برابر ۔ قبا پوشی: قبا پہننا ۔
مطلب: آزاد بندوں کی جبلت ازل سے یہ ہے کہ ان میں قلندری، درویشی اور سلطانی ساتھ ساتھ چلتی ہے وہ درویش ہوتے ہوئے سلطان اور سلطان ہوتے ہوئے درویش ہوتے ہیں ۔
زمانہ لے کے جسے آفتاب کرتا ہے
انھی کی خاک میں پوشیدہ ہے وہ چنگاری
معانی: یہ آزاد لوگ وہ ہوتے ہیں کہ جن میں سے چنگاری کو لے کر زمانہ سورج بنا دیتا ہے ۔ وہ دیکھنے میں بے سرو سامان اور ناچیز سے ہوتے ہیں ۔ لیکن عشق الہٰی کی حرارت سے ان کی چنگاری آفتاب کی حرارت پیدا کر لیتی ہے یعنی کچھ سامان ظاہری نہ رکھتے ہوئے بھی وہ سب کچھ رکھتے ہیں ۔ زمانہ اور اشیائے زمانہ ان کے تابع ہوتی ہیں ۔
وجود انھی کا طوافِ بتاں سے ہے آزاد
یہ تیرے مومن و کافر تمام زنّاری
معانی: طوافِ بتاں : بتوں کے گرد پھرنا ۔ زناری: ہندووَں کی طرح زنار پہنے ہوئے ۔
مطلب: یہ مردانِ خدا وہ ہیں جو اللہ کے سوا کسی کو نہ پوجتے ہیں اور نہ کسی کے آگے جھکتے ہیں ۔ ورنہ عامی مسلمانوں کو بھی دیکھا ہے اور کافروں کو بھی دیکھا ہے ۔ سب زنار باندھے ہوئے ہیں ۔ بت پرست ہیں ۔ بت ضروری نہیں کہ پتھر کے ہوں ، غیر اللہ اور بہت کچھ ہے ۔ دنیا ہے، فریب ہے، رشوت ہے، لوٹ کھسوٹ ہے، حق مارنا ہے، جعلی چیزیں بیچنا ہے ۔ ان سب کے پیچھے لگنا ان کا پجاری بننا ہی تو ہے لیکن اللہ کے بندے ان سب بتوں کے پھیرے لینے سے آزاد ہوتے ہیں ۔ وہ صرف اللہ کی بندگی اختیار کرتے ہیں اور اور صرف اسے اپنا پروردگار اور رب تسلیم کرتے ہیں ۔ باقی ہر قسم کے لوگ جنہیں حرص، لالچ اور کشش دنیاوی اللہ سے دور لے جاتی ہے اور وہ اس کی ربوبیت کے قائل نہیں اللہ سے غافل ہوتے ہیں ۔